ہفتہ 29 اگست 2026 - 11:50
ہفتۂ وحدت مسلمانوں کے اتحاد و یکجہتی کا اہم موقع ہے: مولانا نقی مہدی زیدی

حوزہ/ تارا گڑھ اجمیر ہندوستان کے امام جمعہ نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول نہایت بابرکت مہینہ ہے، کیونکہ 17 ربیع الاول کو رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے چھٹے جانشین حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تارا گڑھ اجمیر ہندوستان کے امام جمعہ مولانا سید نقی مہدی زیدی نے گزشتہ روز نمازِ جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ ماہِ ربیع الاول نہایت بابرکت مہینہ ہے، کیونکہ 17 ربیع الاول کو رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے چھٹے جانشین حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام انبیاء اور مخلوقات میں افضل ترین ہستی ہیں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے بھی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ کی تمام مخلوقات کا سردار قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بہتر کوئی مخلوق پیدا نہیں کی۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے ہفتۂ وحدت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایام شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع ہیں۔ اختلافات اور باہمی مسائل کو خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنا چاہیے اور مسلمانوں کا محور قرآن، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی تعلیمات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اہلِ سنت 12 ربیع الاول جبکہ اہلِ تشیع 17 ربیع الاول کو ولادتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دن مانتے ہیں، اسی لیے ان دونوں تاریخوں کے درمیان ایام کو ’’ہفتۂ وحدت‘‘ قرار دیا گیا تاکہ مسلمان تاریخِ ولادت کے اس اختلاف سے بالاتر ہوکر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وحدتِ اسلامی کا مطلب اپنے عقائد سے دستبردار ہونا نہیں، بلکہ مشترکات کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔ تمام مسلمان ایک خدا، ایک رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ایک قبلہ کے ماننے والے ہیں۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کے مقام و منزلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام علیہ السلام کو اہلِ سنت کے بزرگ علماء کے درمیان بھی بلند مقام حاصل ہے۔ امام ابو حنیفہ اور امام مالک سمیت متعدد اہلِ سنت علماء نے آپ کے علم، فقاہت، فضیلت اور عبادت کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وحدتِ اسلامی محض سیاسی نعرہ نہیں، بلکہ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے۔ قرآن کریم مسلمانوں کو متحد رہنے اور تفرقے سے اجتناب کی تاکید کرتا ہے، اس لیے عالمِ اسلام کی قوت اور سربلندی کے لیے اتحاد و وحدت ناگزیر ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha